اپنے چہرے کی بناوٹ کے مطابق بال رکھیں – چھوٹے بال رکھیں جائیں یا لمبے؟ جاننے کے لیے پڑھیں یہ پوسٹ۔

عزیز بہنو! خوبصورت نظر آنا ہر عمر کی عورت کی فطری خواہش ہے۔ اس لیے خواتین لباس سے لیکر زیورات تک،  جوتوں سے لیکر ہینڈ بیگ تک اور میک اپ سے لیکر بالوں تک ہر  چیز کا خاص خیال رکھتی ہیں۔ لباس وہ چنتی ہیں جو جسم کی خوبصورتی کو بڑھاتا ہے۔ جوتے وہ چُنتی ہیں جو پاؤں  کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں۔ ہینڈ بیگ بھی وہ لیا جاتا ہے جو لباس سے مُناسبت رکھتا ہو۔ میک اپ بھی وہ کرتی ہیں جو دلکشی میں اضافہ کرتا ہے۔ ان سب چیزوں کا انتخاب تو  پھر بھی آسان ہے مگر بالوں کی بناوٹ کا اِنتخاب سب خواتین کے لیے پریشان کُن ہے۔ بال بناتے وقت اکثر خواتین تذبذب کا شکار ہو جاتی ہیں کہ کس طرح کے بال چہرے کو سُوٹ کریں گے۔

کیونکہ  اکثر خواتین جانتی ہی نہیں کہ بال چہرے کی ساخت کے مُطابق لمبے رکھنے چاہیئں یا چھوٹے ۔ اکثر خواتین کبھی لمبے بالوں کو کٹوا کر اور کبھی چھوٹے بالوں کو دوبارہ بڑھا کر اندازہ کرتی رہتی ہیں وہ کس طرح کے بالوں میں حسین دِکھتی ہیں۔

یہ خیال ہر عورت کے اعصاب پر سوار رہتا ہے کہ لمبے بال رکھے جائیں یا چھوٹے۔ بہت سی خواتین بال کٹوانے سے ڈرتی ہیں کہ کہیں بال غلط طریقے سے نہ کٹ جائیں اور پھر لمبے بالوں کے لیے مہینوں انتظار کرنا پڑے۔ تو آج Femi.pk آپکو بتائے گا آپکے چہرے کی ساخت کے مطابق بال رکھنے کا طریقہ۔  اس طریقے کو “2.25  رُول کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ “2.25  رُول انگلینڈ کے مشہور ہیئر  اسٹائلسٹ جان فرائیڈہ کی دریافت ہے۔ جان فرائیڈہ اسی  برانڈ نیم سے بالوں کا خیال رکھنے والی مصنوعات بھی فروخت کرتے ہیں۔  “2.25  رُول ایک نہایت آسان طریقہ ہے جس کے لیے چاہیئں فقط ایک پنسل اور لائن کھینچنے والا ایک پیمانہ۔

مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں اور جانیے اپنا ہیئر اسٹائل:

1) اپنی تھوڑی کے نیچے اُفقی رُخ پر ایک پنسل رکھیں اور عمودی رُخ پر پیمانہ ایسے رکھیں کہ  پیمانے کا اُوپر والا حصہ آپکے کان کی لو کو چُھو رہا ہو جیسا کہ اُوپر دی گئی تصویر میں دِکھایا گیا ہے۔

2)  پھر دیکھیے کہ پنسل کا سِکہ پیمانے کے کِس پیمائشی حصے کو چُھو رہا ہے۔ اگر پیمائش “2.25 سے زیادہ ہو تو آپکا چہرہ لمبے بالوں کے لیے موزوں ہے اور اگر پیمائش “2.25 سے کم ہو تو آپکےچہرے پر چھوٹے بال اچھے لگیں گے۔

نیچے دی گئی تصویر میں دیکھیں  “2.25 رُول  کے مطابق بایئں طرف والی ماڈل اور دایئں طرف والی ماڈل کے چہرے پر بالوں کا فرق:

بایئں طرف والی ماڈل کی تھوڑی اور کان کی لو کا فاصلہ “2.25 سے کم ہے اس لیے اُنکو چھوٹے بال اچھے لگ رہے ہیں۔

اور دایئں طرف والی ماڈل کے کان کو لو اور تھوڑی کا فاصلہ “2.25 سے زیادہ ہے اس لیے لمبے بال اُنکے چہرے پر اچھے لگ رہے ہیں۔

جان فرائیڈہ کا کہنا ہے کہ یہ سب زاویوں کا کمال ہے۔ مختلف ہیئر اسٹائلسٹ کہتے ہیں کہ یہ طریقہ درست ہے۔ تو اگر آپ کے ذہن میں بال چھوٹے کروانے کا خیال کُلبُلا رہا ہے تو فوراً اس طریقے کو آزمائیے۔ لیکن اگر آپ لازماً بال چھوٹے کروانا چاہ رہی ہیں تو تمام رُولزکو بھول جائیں اور وہ کریں جو آپ کو خوشی دے۔

اس پوسٹ کو بھی پڑھیں: چاکلیٹ اور کریم کا ماسک بنانے کا طریقہ

Sharing is caring! پوسٹ شیئر کرنے پر آپ کا بے حد شکریہ

We would love to hear from you! - اپنی رائے سے ضرور آگاہ کیجیئے

comments